گورنر سندھ عمران اسماعیل سے کراچی ایڈیٹرز کلب کے 12رکنی وفد کی گورنر ہاﺅس میں ملاقات میڈیا پر غیر جانبدارانہ طور پر صرف اور صرف حقائق عوام کے سامنے لانے کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ گورنر سندھ

کراچی ۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ مہذب معاشرے کے قیام کے لئے تمام اداروں کے ساتھ میڈیا کو بھی آزادی سے کام کرنے کے ماحول کی دستیابی اشد ضروری ہے ۔ اس ضمن میں میڈیا پر غیر جانبدارانہ طور پر صرف اور صرف حقائق عوام کے سامنے لانے کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ معاشرہ میں موجود برائیوں ، خامیوں اور مسائل کی نشاندہی اور ان کے ممکنہ حل تجویز کرنے کے ضمن میں ذرائع ابلاغ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت میڈیا کی آزادی کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔


ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ایڈیٹرز کلب کے 12رکنی وفد سے گورنر ہاﺅس میں ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کی قیادت کلب کے صدر مبشر میر کررہے تھے۔ وفد کے اراکین میں سینئر نائب صدر مختار عاقل، جنرل سیکریٹری منظر نقوی، جوائنٹ سیکریٹری جاوید محمودچودھری ،سیکریٹری فنانس نعیم الدین، ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبران میں مختار احمد بٹ ، آغا مسعود حسین ، ابرار بختیار، حسینہ جتوئی، نجم الدین شیخ، جبکہ نیوز ون کی اینکر فضا شکیل، چیف ایڈیٹر ڈاکٹر بلقیس سیما شامل تھےں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے درست طور پر کام کرنے کی بھاری ذمے داری ایڈیٹرز پر عائد ہوتی ہے کیونکہ شائع یا نشر ہونے والی کوئی بھی خبر ان سے گذر کر قارئین اور ناظرین تک پہنچتی ہے اس لئے عوام کو حقائق سے باخبر رکھنے کی سب سے زیادہ ذمے داری ایڈیٹرز پر عائد ہوتی ہے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ تیزی سے سائنسی ترقی کرتی ہوئی ہماری دنیا حقیقی معنوں میں ایک گلوبل ولیج کی شکل اختیار کرچکی ہے۔ پہلے الیکٹرانک میڈیا اور اب سوشل میڈیا کے تیز رفتار پھیلاﺅ نے معلومات کی فراہمی اور حصول صرف ایک کلک پر کردیا ہے جہاں کسی بھی فرد اور ادارے کے بارے میں معلومات کا تبادلہ فی الفور کیا جاسکتا ہے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ معاشرے کے ذمہ دار فرد کے طورپر یہ صحافیوں کی بھی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ درست رپورٹنگ کے ذریعہ عوامی مسائل کی نشاندہی پر آواز اٹھائیں ، لیکن اس کے ساتھ ساتھ حکومت کے اچھے کاموں کی تشہیر بھی ضروری ہے کینوکہ یہ ان کی صحافتی ذمے داری ہے کہ عوام کو ان کے لئے مہیا کی جانے والی سہولیات سے بھی آگاہ کریں ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی ایڈیٹرز کلب کا قیام ایڈیٹرز کے لئے ایک اچھا پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ گورنر سندھ نے کراچی ایڈیٹرز کلب کو اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا عندیہ بھی دیا۔ کلب کے صدر مبشر میر نے گورنر سندھ کو ایڈیٹرز کے لئے دفتر کی عدم دستیابی کے بارے میں آگاہ کیا اور اس ضمن میں ان سے تعاون کی درخواست کی۔ بعد ازاں کلب کے صدر مبشر میر نے وفد کے اراکین کے ہمراہ گورنر سندھ کو شیلڈ بھی پیش کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں