پاکستان ایک پُرامن ملک ہے اور اس نے کامیابی کے ساتھ دہشت گردی پر قابو پایا ہے

وزیر اعلیٰ سندھ کا پی ایس ایل سیزن فور کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ

کراچی . وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ اور گذشتہ پی ایس ایل کا کامیاب انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے اور اس نے کامیابی کے ساتھ دہشتگردی پر قابو پایا ہے۔انہوں نے یہ بات آج پی ایس ایل کی ٹیموں ، مالکان اور پی سی بی کے عہدیداروں بشمول چیئرمین پی سی بی کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ تقریب میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری ، کور کمانڈر کراچی، لیفٹننٹ جنرل ہمایوں عزیز ، چیئرمین پی سی بی احسان مانی ، اے وی ایم چوہدری محمد احسن رفیق، کموڈور وائس ایڈمرل آصف خالد، صوبائی وزراء، اراکین صوبائی اسمبلی اور معززین نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ تمام پی ایس ایل کی ٹیموں اور دیگر مہمانِ گرامی کو خوش آمدید کہہ کر خوشی محسوس کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے حوالے سے تمام پاکستانیوں میں ایک جوش و جذبہ ہے۔ آپ(کھلاڑی، کوچز و دیگر غیر ملکی ) کی کراچی میں موجودگی اس شہر پر آپ کے اعتماد کا مضر ہے جوکہ روشنیوں کا شہر ہے، اور اس شہر نے صرف پیار اور بھائی چارگی کا پرچار اور اسے فروغ دیا ہے ۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی کرکٹ کے دیوانوں کا شہر ہے ۔ اور اس وقت پی ایس ایل کا بخار/جنون اپنے عروج پر پہنچ چکا ہے اور آجکل ہم کھاتے پیتے اور سوتے کرکٹ کے ساتھ ہیں اور موجودہ اور گذشتہ پی ایس ایل کا کامیاب انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے اور اس نے کامیابی کے ساتھ دہشتگردی کے ناسور کا خاتمہ کیاہے۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ ایک کھیل ہے جوکہ سرحدیں پار کرچکا ہے اور لوگ جہاں جہاں پر کرکٹ کھیلتے ہیں پہنچ چکا ہے۔ کرکٹ کی خوبصورتی یہ ہے کہ اسے پاکستان میں نوجوان اور عمر رسیدہ سب ہی اس کھیل کو پسند کرتے ہیں ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گذشتہ سال انہوں نے پی سی بی سے کراچی میں ایک میچ کھیلنے کی اجازت دینے کی درخواست کی تھی ۔انہوں نے کہا کہ انتظامات، تقریب اور میچ کے کرائوڈ نے ایسا ماحول پیدا کردیاتھا جس سے وہ ایک یادگار ایونٹ بن گیاتھا اور اس کے نتیجے میں اس سال پی سی بی نے کراچی میں 5 میچوں کے انعقاد کا فیصلہ کیا اور بالآخر کراچی کو تمام 8 میچوں بشمول فائنل کے انعقاد کے لیے منتخب کیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ ہماری گذشتہ سال کی سخت محنت اور کراچی کا کرکٹ کے لیے جنون کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے لاہور قلندر نے سیہون میں لعل شہباز قلندر کے دورے کے دوران انجوائے کیاہوگا۔

میں نے اُن سے بالخصوص ٹیم مینجمنٹ سے کہا کہ وہ دوبارہ سیہون کا دورہ کریں اور وہاں پر ٹیلنٹ ہنٹ کیمپ لگائیں۔مراد علی شاہ نے پی ایس ایل کی دیگر ٹیموں پر بھی زور دیا کہ وہ سندھ کے دیہی علاقوں میں ٹیلنٹ ہنٹ کیمپس لگائیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ہمارے نوجوان آپ کو مایوس نہیں کریں گے اور یہاں پر بھی کتنے ہی وسیم اکرم ، شاہد آفریدی اور جاوید میاں داد موقع ملنے کے منتظر ہیں۔چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے وزیراعلیٰ سندھ کا بھرپور تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعلیٰ سندھ انتظامات کے حوالے سے ذاتی دلچسپی نہ لیتے تو شہر میں پی ایس ایل کے ایونٹ کا انعقاد نہیں ہوسکتا تھا ۔انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دلایا کہ پی سی بی کی ٹیمیں سندھ کے دیہی علاقوں میں ٹیلنٹ تلاش کریں گی ۔اس موقع پر تمام کھلاڑیوں بشمول 38 غیر ملکیوں کو تحائف دیئے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں