نواز شریف کی عیادت پر فواد چوہدری کا طنز کرنا لگتا ہے وہ انسانی اخلاقیات سے ماورا ہوچکے ہیں

کراچی ۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات و قانون اور اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ نواز شریف کی عیادت پر فواد چوہدری کا طنز کرنا اس امر کا اظہار ہے کہ موصوف انسانی اخلاقیات سے ماورا ہوچکے ہیں۔ مشیر اطلاعات نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سیاست میں اخلاقی قدروں کی پاسداری کی جاتی ہے انہی اصولوں پر عمل پیرا ہوتے ہوئے بلاول بھٹو میاں نواز شریف کی عیادت کے لیے گئے تھے مگر تحریک انصاف تو پاکستان کو مدینہ کی ریاست بنانا چاہتی تھی اس بات پر انہیں کیوں تکلیف ہے کہ عیادت کو بھی وہ طنزیہ نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے حکمران تو ریاستِ مدینہ کی اخلاقیات سے بھی نابلد ہیں ہمارے پیارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے تو کوڑا کرکٹ پھینکنے والی یہودی کے بیمار ہونے پر اس کی عیادت کو گئے تھے لیکن تحریک انصاف نے صرف ریاستِ مدینہ کا نام ہی سنا ہے مدنی اخلاقیات کا علم نہیں۔ مشیر اطلاعات نے کہا کہ فواد چوہدری تو تحریک انصاف کی خرابیوں بھری دیگ کا وہ چاول ہیں جسے چکھنے اور سونگھنے کے بعد پوری دیگ کا ذائقہ معلوم ہو جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو نے تو عیادت کرکے اپنے اعلیٰ ظرف ہونے کا ثبوت دیا مگر اس عمل پر وفاقی وزیر اطلاعات نے جو طنز کیا ہے اس سے وہ بلاول بھٹو کے سامنے بونے معلوم ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اخلاقیات سکھانے کے لئے آج بھی پاکستان پیپلز پارٹی اپنی خدمات تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی یتیموں کو بلا معاوضہ فراہم کرنے پر ہمہ وقت تیار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں