پاکستان آج دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشت بن کر سامنے آرہی ہے۔ گورنر سندھ 

 گورنرسندھ نے پی آئی آئی اے کو سرکاری گرانڈ کی مد میں 25 لاکھ روپے کا چیک دیا 

کراچی ۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان آج دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشت بن کر سامنے آرہا ہے، نیا پاکستان ترقی کی سمت گامزن ہو چکا ہے جبکہ دنیا کو پاکستان کے اصل حقائق کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انڑنیشنل افیئر جیسے ادارے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ معاشی استحکام ، قومی ترقی ، سماجی سرگرمیاں ، غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ ، نجی سیکٹر کے فعال کردار ، اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور سماجی شعبہ کی ترقی پاکستان کے روشن مستقبل کی دلیل ہے ،امن و امان کے قیام اور قومی معیشت کے مزید استحکام کےلئے کی جانے والی موجودہ حکومت کے اقدامات نمایاں کار نامے ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ دنیا کو آگاہ کیا جائے کہ آج کا پاکستان پچھلے ادوار سے یکسر مختلف اور ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے اس ضمن میں ملکی و بیرون الاقوامی سرمایہ کاری کلیدی کردار ادا کرسکتی ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گورنر ہاﺅس میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انڑنیشنل افیئر (پی ائی ائی اے) کی چیرپرسن ڈاکٹر معصومہ حسن کو سرکاری گرانڈ کے 25 لاکھ روپے کا چیک دینے کے موقع پر کیا ۔ ملاقات میں امن و امان کی صورتحال ، سرمایہ کاری کے ساز گار ماحول ، معاشی ، اقتصادی ، تجارتی ، کاروباری ، سماجی ، ثقافتی اور کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں ، عالمی سطح کے متعدد ایونٹس کے انعقاد ، غیر ملکی سرمایہ کاروں اور وفود کی تسلسل سے آمد سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان خطہ میں پر امن اور ترقی کی راہ پر گامزن ملک بن کر ابھر کر سامنے آرہا ہے، ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ اس بات کی واضح دلیل ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لحاظ سے ماحول ساز گار، ایز آف ڈوئنگ بزنس، محفوظ سرمایہ کاری ،ترقی کے مواقع اور مستقبل میں کامیابی کے یقینی امکانات ہیں ، بد قسمتی سے دنیا کے سامنے پاکستان کا حقیقی تاثر بھرپور طریقہ سے سامنے نہیں آسکا ہے اس ضمن میں دنیا کے متعدد ممالک میں موجودہ وزیر اعظم کے دوروں میں پاکستان میں ایز آف ڈوئنگ بزنس کے مواقع کے بارے میں معلومات فراہم کی جس بنا پر غیر ملکی سرمایہ کارروں نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا جو کہ خوش آئند بات ہے، بلا شبہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے پر کشش اہمیت کا حامل ملک ہے جہاں پر اعلیٰ تعلیم یافتہ ، تجربہ کار ، محنتی نوجوان کی افرادی قوت دستیاب ہے جو کسی بھی سرمایہ کاری کے لئے آئیڈیل حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بن رہا ہے یہاں رات گئے تک تجارتی ، کاروباری ، سماجی ، ثقافتی ، ادبی اور کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رہتی ہیں ، صنعتی فعالیت ، نجی سیکٹر کے فعال کردار اور تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کے بڑھنے سے لوگوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہو رہے ہیں ، بین الاقوامی سطح کے ایونٹ کے انعقاد سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ کراچی کس قدر پر امن اور محفوظ شہر بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال پاکستان سپر لیگ کے فائنل دیکھنے کے لئے غیر ملکیوں کی بڑی تعداد کی آمد شہر میں امن و امان کی بہتر صورتحال کی عکاس ہے اور اللہ لے فضل و کرم سے امسال بھی پاکستان سپر لیگ کا فائنل کراچی میں ہی منعقد کیا جائے گا.۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں